General

تمام 5 نیٹورکز کی سم رکھنے کے 5 انوکھے فوائد

Share on FacebookTweet about this on TwitterShare on StumbleUponPin on PinterestShare on LinkedIn

5 سم کارڈز رکھنے کے 5 دلچسپ فائدے

ڈبل سم سمارٹ فون پاکستان جیسے  ترقی پذیر ممالک میں بے حد مقبول ہیں۔ پی ٹی اے قانون کے تحت ایک قومی شناختی کارڈ پرکسی بھی پاکستانی نیٹ ورک  کے  5 سم کارڈز حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ہر شہری  3 عدد انٹرنیٹ سمز بھی لے سکتا ہے، یعنی آپ کو  5 وائس اور 3 ڈیٹا سمز کل ملا کے 8 سم کارڈز لینے کا  قانونی حق حاصل ہے۔ اس لئے زیادہ سم کارڈز رکھنا ایک اچھا آئیڈیا ہے۔ اب آپ یہ سوچ رہے ہوں گے کہ تمام  نیٹ ورک س کے سم کارڈز لینے کی کیا ضرورت ہے؟  ”اسلام آباد ٹوڈے“ پر آج ہم آپ کو مختلف نیٹ ورکس کی 5 سمز رکھنے کے 5 دلچسپ فائدے بتائیں گے۔

Mobile networks 1

  1. سستی آن – نیٹ کالز : بعض موبائل فون صارفین جیسے گھریلو خواتین اور بزرگ/ریٹائر شہری صرف چند مخصوص دوستوں اور رشتہ داروں کو لمبی فون کالز کرتے ہیں۔ ایسے لوگ اپنے پسندیدہ نیٹ ورک کی کوئی ایک یا پھر 2 سمز لے کر نہایت کم چارجز میں لمبی بات کرسکتے ہیں۔ لیکن زیادہ تر پاکستانی موبائل فون صارفین ایسے نہیں۔ مثلاً میں ایک فری لانسر ہوں اور آن لائن کلاسیفائیڈ اشتہارات سے استعمال شدہ اشیاء کی خرید و فروخت میرا مشغلہ ہے۔ اس لئے مجھےاپنے کلائنٹس اور چیزیں فروخت کرنے والوں سے کسی ایک یا دو مخصوص نیٹ ورکس کے بجائے کسی بھی نیٹ ورک پر بات کرنا پڑسکتی ہے۔ اسی نیٹ ورک کی سم استعمال کرنے سے مجھے  فون کے ماہانہ اخرجات میں کافی بچت ہوجاتی ہے۔

Mobile networks 2

  1. مختلف مقاصد کیلئے الگ الگ نمبرز: اکثر لوگ کاروباری/دفتری مقاصد اور فیملی/دوستوں سے بات چیت کیلئے الگ الگ نمبر رکھتے ہیں۔ لیکن میں مختلف مقاصد کیلئے بیک وقت 4 مختلف سم کارڈز استعمال کرتا ہوں۔ میری پہلی سم عام استعمال کیلئے ہے۔ عام طور پر میں اسی نمبر پر زیادہ تر لوگوں سے گفتگو کرتا ہوں۔ میرے ڈبل سم فون میں پڑی دوسری سم کے دو مقاصد ہیں۔ ایک تو یہ ڈیٹا سم کے طور پر استعمال ہوتی ہے جبکہ دوسرا مقصد یہ کہ میرا یہ نمبر صرف اپنے  دوستوں اور رشتہ داروں کے پاس ہی ہے۔ اس طرح میں ایک سم بند کرکے بھی ضروری کالز موصول کرسکتا ہوں۔ میرے پاس موجود تیسری سم صرف اجنبی لوگوں سے رابطے کیلئے مخصوص ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ جب آپ اپنا نمبر Olx جیسی کلاسیفائیڈ ویب سائٹس پر دیتے ہیں تو ٹیلی مارکیٹنگ والے آپ کو لاتعداد فضول ایس ایم ایس/ کالز کرکے پریشان کرتے رہتے ہیں۔ الگ سم ہونے کی وجہ سے مجھے پریشانی نہیں ہوتی، میں صرف اس وقت اس نمبر پر موصول ہونے والے پیغامات پڑھتا اور کالز موصول کرتا ہوں جب میں کسی ضروری کام میں مصروف نہ ہوں۔ میری چوتھی سم صرف ایمرجنسی استعمال کیلئے مختص ہے۔ میرا یہ نمبر صرف انتہائی قریبی دوستوں اور فیملی ممبرز کو معلوم ہے۔ جب میرے گھر کا کوئی فرد رات کے وقت شہر سے باہر  ہو تو میں  غیر ضروری کالز اور ایس ایم ایس کے خوف کے بغیر رات بھر اس نمبر کو آن رکھ سکتا ہوں تاکہ ایمرجنسی کی صورت میں اپنوں سے رابطہ قائم رہے۔ اسی طرح  پانچویں سم میرے گھر میں بطور ‘بیک اپ نمبر’ استعمال ہوتی ہے۔

Mobile networks 3

  1. کوئی آپ کے نام پر غیرقانونی سم کارڈ نہیں لے سکتا: اگرچہ پی ٹی اے کے بائیومیٹرک تصدیق کے طریقہ کار متعارف کروانے کے بعد اب کوئی دوسرا فرد آپ کے نام غیر قانونی سم کارڈ نہیں لے سکتا لیکن پھر بھی غلطی کی گنجائش بہرحال موجود رہتی ہے۔ تاہم اگر آپ اپنے نام تمام 5 سم کارڈز ایشو کروا لیں گے تو پھر کوئی چالاک مجرم اگر کسی طریقے سے بائیومیٹرک تصدیق کے سکیورٹی فیچر کا توڑ نکال بھی لے تو وہ آپ کے نام کوئی نیا سم کارڈ نہیں لے سکے گا کیونکہ آپ پہلے ہی زیادہ سے زیادہ 5کارڈز کا کوٹہ پورا کرچکے ہیں۔ بس اپنی تمام سمز سنبھال کر رکھیں اور بے فکر ہوجائیں!

Mobile networks 4

  1. ”سم لگاؤ آفر“سے فائدہ اٹھائیں: ا گر آپ زیادہ لوگوں کو کال نہیں کرتے یا پھر آپ کو زیادہ مقاصد کیلئے الگ الگ نمبرز کی ضرورت نہیں تو بھی کئی سم کارڈز رکھنے کا ایک اور دلچسپ فائدہ بھی ہے۔اکثر نیٹ ورکس وقتاً فوقتاً ”سم لگاؤ آفر“ دیتے رہتے ہیں۔ اس آفر کے تحت مخصوص عرصے سے بند پڑی سم کو دوبارہ لگاکر صرف 20 یا 30 روپے کا ریچارج کروانے پر کچھ عرصے کیلئے مفت بونس منٹس، ایس ایم ایس اور انٹرنیٹ ڈیٹا ملتا ہے۔ جیسا کہ میں نے پہلے بتایا تھا کہ میری ایک سم ہمیشہ بطور ‘بیک اپ نمبر’ استعمال ہوتی ہے یعنی وہ آن نہیں ہوتی۔ اس  کا ایک مقصد یہ بھی ہے کہ اس سم کو میں اس وقت تک آن نہیں کرتا جب تک اس نیٹ ورک کی جانب سے ”سم لگاؤ آفر“ نہ دی جائے۔ اور تب ہی میری چوتھی سم آف لائن ہوجاتی ہے، یوں میں سمز بدل کر زیادہ سے زیادہ مفت بونس انعام سے بھرپور فائدہ اٹھاتا ہوں۔

mobile networks 5

  1. زیادہ سم کارڈز، زیادہ کوریج: موبی لنک اور وارد کے انضمام کے بعداب یہ ایک نیٹ ورک بن چکا ہے۔ اس طرح موبی لنک – وارد کے صارفین زیادہ بہتر نیٹ ورک کوریج حاصل کر رہے ہیں لیکن ضروری نہیں کہ کوئی خاص نیٹ ورک ہی ہر جگہ بہترین کام کرے۔ اگر آپ اکثر سفر کرتے رہتے ہیں تو بھی تمام نیٹ ورک کی ایک ایک سم رکھنے سے آپ کو فائدہ ہوسکتا ہے۔ بعض علاقوں میں کوئی ایک نیٹ ورک ہی بہتر کام کرتا ہے، یوں آپ کے رابطہ منقطع ہونے کے امکانات کم ہوجائیں گے کیونکہ آپ کے پاس ہر نیٹ ورک کی سم موجود ہے۔
Share on FacebookTweet about this on TwitterShare on StumbleUponPin on PinterestShare on LinkedIn